وقف ترمیمی بل 2024 کے خلاف 26 مارچ کو پٹنہ میں تاریخی احتجاج – اے آئی ایم آئی ایم بہار کے صدر اخترالایمان کی اپیل

Spread the love

انصاف ٹائمس ڈیسک

آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (AIMIM) بہار کے ریاستی صدر اخترالایمان نے وقف ترمیمی بل 2024 کے خلاف 26 مارچ کو پٹنہ کے گردنی باغ میں آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے بینر تلے ہونے والے احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے ریاست بھر کے مسلمانوں سے اس میں بڑی تعداد میں شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔

اخترالایمان نے کہا کہ یہ بل مسلمانوں کی مذہبی اور آئینی خودمختاری پر براہ راست حملہ ہے۔ حکومت پر الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا، "وقف جائیدادیں مسلمانوں کی مذہبی وراثت ہیں، جنہیں کسی بھی قیمت پر حکومت کے کنٹرول میں جانے نہیں دیا جائے گا۔ یہ بل شریعت اور آئین دونوں کے خلاف ہے، اور ہم اس کی ہر سطح پر مخالفت کریں گے۔”

حکومت مسلمانوں کی جائیدادیں ہڑپنے کی سازش کر رہی ہے: اخترالایمان

مجلس اتحاد المسلمین بہار کے صدر نے کہا کہ وقف جائیدادیں مساجد، مدارس، یتیموں، غریبوں اور معاشرے کے محروم طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے ہوتی ہیں۔ حکومت اس بل کے ذریعے انہیں اپنے قبضے میں لینا چاہتی ہے، جو کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا، "یہ صرف جائیداد کا مسئلہ نہیں، بلکہ مسلمانوں کی مذہبی آزادی اور آئینی حقوق کے تحفظ کا معاملہ ہے۔ حکومت کو ہماری جائیدادوں پر قبضہ کرنے کے بجائے ان کے تحفظ کے اقدامات کرنے چاہئیں۔”

26 مارچ کو تاریخی احتجاج، تمام مسلم تنظیموں سے اتحاد کی اپیل

اخترالایمان نے کہا کہ 26 مارچ کو جو پٹنہ کے گردنی باغ میں بڑا احتجاجی مظاہرہ ہوگا، اُس میں AIMIM کے کارکنان پورے صوبے سے شرکت کریں گے۔ انہوں نے مسلمانوں کی مذہبی، سماجی اور سیاسی تنظیموں سے بھی اس احتجاج میں شامل ہونے کی اپیل کی۔

انہوں نے کہا، "یہ خاموش بیٹھنے کا وقت نہیں ہے۔ اگر ہم آج آواز نہیں اٹھائیں گے، تو آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔ یہ جدوجہد صرف وقف جائیدادوں کی نہیں، بلکہ ہماری شناخت، دین اور حقوق کے تحفظ کی ہے۔”

مانجھی،نتیش،چراغ پاسوان کا لٹمس ٹیسٹ
مجلس اتحاد المسلمین کے صوبائی جنرل سیکریٹری انجینئر آفتاب نے کہا کہ "یہ بل بہار کے تین سیاسی جماعتوں اور اُن کے لیڈر نتیش کمار،جیتن رام مانجھی و چراغ پاسوان کا لٹمس ٹیسٹ ہے،جن کی سیاست مضبوط رکھنے میں مسلمانوں کا اہم کردار رہا ہے لیکن وہ بس افطار پارٹی ٹوپی پہن کر ٹوپی پہناتے رہے ہیں،آج اگر انہوں نے اس وقف بل کو پاس ہونے سے نہیں روکا تو مسلمان بھی اُن کے سیاسی وجود کو خطرے میں ڈال دیں گے

شامل ہونے کی اپیل

انہوں نے اِنصاف پسند لوگوں سے اپیل کیا کہ وقف ترمیمی بل 2024 کے خلاف 26 مارچ کو پٹنہ کے گردنی باغ میں ہونے والے تاریخی احتجاج میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شریک ہوکر اسے کامیاب بنائیں۔

انہوں نے نے کہا کہ یہ صرف وقف جائیدادوں کا معاملہ نہیں، بلکہ ہماری مذہبی آزادی، آئینی حقوق اور شناخت کے تحفظ کی جنگ ہے۔ اگر ہم نے آج اپنی آواز بلند نہیں کی، تو آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔ آئیے، اس ناانصافی کے خلاف متحد ہو کر کھڑے ہوں اور حکومت کو مجبور کریں کہ وہ اس سیاہ قانون کو واپس لے۔

Leave a Comment