جنوبی کنڑا،کرناٹک میں عبدالرحیم کے قتل کے بعد کرناٹک حکومت کا ایکشن: فرقہ وارانہ واقعات پر قابو پانے کے لیے خصوصی کارروائی فورس کا قیام

Spread the love

اِنصاف ٹائمس ڈیسک

کرناٹک حکومت نے ریاست کے جنوبی کنڑا ضلع میں عبدالرحیم کے قتل کے بعد بڑھتے ہوئے فرقہ وارانہ واقعات پر قابو پانے کے لیے خصوصی کارروائی فورس (Special Action Force – SAF) کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ اس فورس میں ڈی آئی جی پی رینک کے افسران سمیت 248 اہلکار شامل ہوں گے، جو ریاست کے حساس علاقوں میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے کام کریں گے۔

عبدالرحیم کی قتل کے بعد علاقے میں فرقہ وارانہ کشیدگی بڑھ گئی تھی، جس کے نتیجے میں احتجاج اور مظاہرے ہوئے۔ مقامی مسلم کمیونٹی نے حکومت پر مناسب کارروائی نہ کرنے کا الزام عائد کیا تھا، جس کے بعد حکومت نے امن و امان قائم رکھنے کے لیے خصوصی فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا

ہوم منسٹر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ فورس فرقہ وارانہ واقعات، اشتعال انگیز سرگرمیوں اور حساس علاقوں میں امن قائم رکھنے کے لیے تشکیل دی گئی ہے۔ فورس میں شامل اہلکاروں کو جدید تربیت دی جائے گی تاکہ وہ مؤثر طریقے سے حالات پر قابو پا سکیں۔

اپوزیشن جماعتوں اور سماجی تنظیموں نے اس اقدام پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کو قتل کے ملزمان کی فوری گرفتاری اور مناسب عدالتی کارروائی پر توجہ دینی چاہیے تھی، نہ کہ صرف فورس تشکیل دینے پر۔

حکومت کا کہنا ہے کہ خصوصی فورس کا قیام امن و امان قائم رکھنے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے ضروری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس بات کا یقین دلایا کہ فورس کی کارروائیاں قانون کے دائرے میں رہ کر کی جائیں گی اور کسی بھی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔

Leave a Comment