حاملہ کرو اور 10 لاکھ کا انعام پاؤ، جھانسہ دینے والے نالندہ میں دو ٹھگ گرفتار

Spread the love

اِنصاف ٹائمس ڈیسک

آج کے دور میں ٹھگی کے نت نئے طریقے سامنے آ رہے ہیں۔ بہار کے ضلع نالندہ سے ایک ایسا عجیب و غریب اور چونکا دینے والا معاملہ سامنے آیا ہے، جس میں دو شاطر ٹھگوں نے حمل کے نام پر لوگوں کو بھاری انعام کا لالچ دے کر اپنے جال میں پھنسایا۔ نالندہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس گورکھ دھندے کا پردہ فاش کر دیا اور دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

گرفتار شدہ ملزمان کی شناخت تھانہ سیلاؤ کے قدمتر گاؤں کے رہائشی سورندر سنگھ کے بیٹے ٹنٹن کمار اور اجے کمار کے بیٹے سچن کمار کے طور پر ہوئی ہے۔ راجگیر کے ڈی ایس پی سنیل کمار سنگھ کی قیادت میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ہفتہ کے روز دونوں کو گرفتار کیا گیا۔

10 لاکھ روپے انعام کا جھانسا دے کر لوٹتے تھے رقم

پولیس کے مطابق، ملزمان کسی لڑکی یا خاتون کی تصویر کا استعمال کرتے تھے اور لوگوں کو یہ کہہ کر بہکاتے تھے کہ اگر وہ اس خاتون کو حاملہ کر دیں تو انہیں 10 لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر رجسٹریشن فیس کے نام پر 450 روپے وصول کیے جاتے تھے، پھر ہوٹل بکنگ، گاڑی بکنگ اور دیگر بہانوں سے بڑی رقم بٹوری جاتی تھی۔

موبائل سے ملے اہم ثبوت، جرم کا اعتراف

گرفتاری کے بعد پولیس نے دونوں ملزمان کے موبائل فون کی تلاشی لی، جس میں کئی اہم شواہد برآمد ہوئے جو ان کے مجرمانہ سرگرمیوں کو ثابت کرتے ہیں۔ پوچھ گچھ کے دوران دونوں ملزمان نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔

پولیس مزید تفتیش میں مصروف

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار شدہ افراد سے مزید پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور اس گینگ سے جڑے دیگر افراد کی تلاش بھی جاری ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ ٹھگی کا نیٹ ورک کافی بڑا ہے، جس کا جلد ہی مکمل انکشاف کیا جائے گا۔

Leave a Comment