انصاف ٹائمس ڈیسک
جموں و کشمیر کے پہلگام میں حالیہ دہشت گرد حملے میں 26 بے گناہ سیاحوں کی ہلاکت پر ملک بھر میں رنج و غم اور شدید غصے کا ماحول ہے۔ اس سفاکانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کمبائنڈ موومنٹ فار دی کنسٹیٹیوشنل رائٹس آف مائنارٹیز (CMCRM) نے اسے انسانیت کے خلاف جرم اور وادی کشمیر کی مثبت شبیہ کو خراب کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔
سی.ایم.سی.آر.ایم کے جنرل سکریٹری ایڈووکیٹ شرف الدین احمد نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ’’پہلگام میں پیش آنے والا یہ واقعہ صرف بے قصور انسانوں کی جان لینے تک محدود نہیں، بلکہ یہ کشمیری عوام کی اس مہمان نوازی، ہمدردی اور انسانی جذبے پر بھی حملہ ہے، جس کی حالیہ برسوں میں ملک بھر میں ستائش کی گئی ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ جب کبھی یاتری یا سیاح مشکل میں ہوتے ہیں، تو وادی کے عوام سب سے پہلے ان کی مدد کے لیے آگے آتے ہیں۔ حالیہ برسوں میں کشمیر سیاحت کے لیے ایک پُرامن، محفوظ اور دوستانہ مقام کے طور پر دوبارہ ابھرا ہے، اور اس سال ریکارڈ تعداد میں سیاحوں کی آمد متوقع تھی، جسے یہ حملہ متاثر کرنے کی ناپاک کوشش ہے۔
سی.ایم.سی.آر.ایم نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس دہشت گردانہ حملے کے مجرموں کو جلد از جلد گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے زور دیا کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری اور مکمل مالی و اخلاقی امداد فراہم کی جائے، اور ان کے دکھ میں حکومت شریک ہو۔
سی.ایم. سی.آر.ایم نے ملک کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس غم کی گھڑی میں یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور امن، انصاف اور انسانیت کا پیغام دیں۔ تنظیم نے کہا کہ نفرت اور دہشت کے خلاف اجتماعی آواز اٹھانا آج وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے۔