وقف ترمیمی بل 2024 کے خلاف 26 مارچ کو پٹنہ میں زبردست احتجاج، سنگھرش سمواد نے کیا عوام سے بھرپور شرکت کا مطالبہ

Spread the love

اِنصاف ٹائمس ڈیسک

وقف ترمیمی بل 2024 کے خلاف ملک گیر سطح پر بڑھتی مخالفت کے درمیان سنگھرش سموادی کے کنوینر مستقیم صدیقی نے اعلان کیا ہے کہ اُن کی پوری ٹیم آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ و تمام ملی تنظیموں کے بینر تلے 26 مارچ کو پٹنہ میں ہونے والے احتجاجی دھرنے میں مکمل طور پر شریک ہوگی اور اس تحریک کو مضبوط کرے گی۔ انہوں نے عوام، سماجی تنظیموں، اور انصاف پسند شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بڑی تعداد میں اس احتجاج میں شرکت کریں تاکہ حکومت کو واضح پیغام دیا جا سکے کہ مسلمان اپنے مذہبی و آئینی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

وقف ترمیمی بل ایک سازش، مسلمانوں کی جائیدادیں چھیننے کی کوشش: مستقیم صدیقی

مستقیم صدیقی نے کہا کہ "وقف جائیدادیں صدیوں سے مسلم کمیونٹی کی امانت رہی ہیں، جنہیں مختلف ادوار میں تحفظ حاصل رہا ہے، لیکن حکومت اس بل کے ذریعے وقف اداروں پر اپنا قبضہ جمانا چاہتی ہے، جو کہ ایک خطرناک سازش ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ یہ بل صرف وقف کی زمینوں کا مسئلہ نہیں بلکہ ایک وسیع منصوبہ بندی کا حصہ ہے، جس کا مقصد اقلیتوں کو ان کے قانونی و آئینی حقوق سے محروم کرنا ہے۔

26 مارچ کو پٹنہ میں بڑا احتجاج، سنگھرش سمواد کی بھرپور شرکت

سنگھرش سمواد کے کنوینر نے کہا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے اعلان پر 26 مارچ کو پٹنہ کے گردنی باغ میں ایک تاریخی احتجاجی دھرنا منعقد ہوگا، جس میں ریاست بھر سے ملی، سماجی اور سیاسی تنظیموں کے رہنما اور عوام شریک ہوں گے۔

عوامی بیداری ہی اس قانون کے خلاف سب سے بڑا ہتھیار

مستقیم صدیقی نے کہا کہ "یہ وقت خاموش بیٹھنے کا نہیں، بلکہ متحد ہوکر اپنی آواز بلند کرنے کا ہے۔ اگر آج ہم پیچھے ہٹے تو کل ہمارے دیگر حقوق بھی چھین لیے جائیں گے۔” انہوں نے خاص طور پر نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اس تحریک میں سرگرمی سے حصہ لیں اور اپنے مستقبل کے تحفظ کے لیے اس احتجاج کو کامیاب بنائیں۔

سنگھرش سمواد کی عوام سے اپیل: احتجاج میں شامل ہوں، اپنی آواز بلند کریں

سنگھرش سمواد نے مسلمانوں، سماجی کارکنوں، اور انصاف پسند شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 26 مارچ کو گردنی باغ، پٹنہ پہنچیں اور اس احتجاج میں شریک ہوکر حکومت کو مجبور کریں کہ وہ اس غیر منصفانہ بل پر نظرثانی کرے۔

Leave a Comment