بہار میں نوکریوں کی بہار:1064 اردو مترجم، 2857 پرنسپل اور 140 تحفظ افسران کی بحالی کی منظوری

Spread the love

انصاف ٹائمس ڈیسک

بہار حکومت نے ریاست میں روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے کئی اہم فیصلے کیے ہیں۔ منگل کو کابینہ کی میٹنگ میں تین بڑی بھرتیوں کو منظوری دی گئی۔ اس کے تحت 1064 اسسٹنٹ اردو مترجم، 2857 پرنسپل اور 140 تحفظ افسران کی تقرری کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔ حکومت کے اس فیصلے سے جہاں اردو زبان کو فروغ ملے گا، وہیں تعلیم اور خواتین کی حفاظت کے میدان میں بھی بہتری آئے گی۔

*1064 اسسٹنٹ اردو مترجم کی بحالی ہوگی

ریاستی حکومت نے کابینہ سیکریٹریٹ کے تحت اردو ڈائریکٹوریٹ میں 1064 اسسٹنٹ اردو مترجم کی بحالی کی منظوری دے دی ہے۔ یہ تقرری بہار اسٹیٹ اردو مترجم سروس رولز کے تحت کی جائے گی۔ ان عہدوں کی تقسیم درج ذیل ہوگی:
-38 عہدے – ضلعی اردو زبان شعبہ (سمہارنا لیہ)
-101 عہدے – سب ڈویژنل دفاتر
-534 عہدے – بلاک دفاتر
-391 عہدے – سرکل دفاتر

حکومت کے اس فیصلے سے اردو زبان کو فروغ ملے گا اور انتظامیہ میں اردو بولنے والوں کی نمائندگی میں اضافہ ہوگا۔

*2857 پرنسپل کے عہدوں پر جلد بحالی ہوگی

بہار کے ہائی اسکولوں میں 2857 پرنسپل کے عہدے پر بحالی کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اس فیصلے سے ریاست کے تعلیمی شعبے میں بڑی اصلاح کی امید ہے۔ پہلے 1318 عہدوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے، جبکہ پہلے سے تخلیق شدہ 1539 عہدوں کو شامل کرکے نئے سرے سے تقرری کی جائے گی۔

*خواتین کی حفاظت کے لیے 140 تحفظ افسران کی بحالی

گھریلو تشدد سے متاثرہ خواتین کی مدد اور حفاظت کے لیے 140 مکمل وقتی تحفظ افسران (Protection Officers) کی تقرری کی جائے گی۔ یہ تقرری سب ڈویژن، ضلع اور ریاستی سطح پر کی جائے گی تاکہ متاثرہ خواتین کو فوری اور مؤثر انصاف مل سکے۔ ان عہدوں کی بھرتی بہار پروٹیکشن سروس ریکروٹمنٹ اینڈ سروس رولز 2025 کے تحت کی جائے گی۔

*کیبنٹ کے دیگر اہم فیصلے
-اسمبلی انتخابات میں 50% پولنگ اسٹیشنز (38948 مراکز) پر ویب کاسٹنگ اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
-اس انتظام کے لیے 35.66 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔
-ریاست میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لیے 58.62 کروڑ روپے کے آلات خریدے جائیں گے۔
-ڈینٹل ڈاکٹروں کی تقرری اور ترقی کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

بہار حکومت کے ان فیصلوں سے تعلیم، خواتین کی حفاظت اور انتظامی اصلاحات کو فروغ ملے گا۔ خواہشمند امیدواروں کو جلد ان تقرریوں کے باضابطہ اعلان کا انتظار ہے۔

Leave a Comment